جموں وکشمیر حکومت نے اپنی دو دہائی پرانی روش برقرار رکھتے ہوئے یوم
جمہوریہ کی سرکاری تقریبات میں اپنے ملازمین کی شمولیت کو ایک بار پھر
لازمی قرار دے دیا ہے۔ حکومت نے اس حوالے سے جاری کردہ سرکیولرس میں خلاف
ورزی کے مرتکب پائے جانے والے سرکاری ملازمین کو تادیبی کاروائی کا انتباہ
کیا ہے۔ جموں وکشمیر کے حالات پر گہری نگاہ رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے
کہ سرکاری ملازمین کی یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شمولیت کو
اس لئے لازمی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ ریاست بالخصوص وادی کشمیر میں عام
شہری ایسی تقریبات کا کلی طور پر بائیکاٹ کرتے ہیں۔ مبصرین کا مزید کہنا ہے یہاں تک کہ مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے لیڈروں
کو بھی ایسی تقریبات میں اپنے کارکنوں کو شمولیت کے لئے قائل کرنے میں خاصی
تگ و دو کرنی پڑتی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ریاستی حکومت کے جنرل
ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ جس کا کام کاج خود ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی
دیکھتی ہیں، نے سرکیولر نمبر 03 جی اے ڈی آف 2017 مورخہ 10 جنوری میں وادی
کے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا ہے کہ وہ 26 جنوری کی تقریبات میں سرکاری
ملازمین کی شرکت کو یقینی بنائیں۔
اس سرکیولر پر عمل درآمد کرتے ہوئے وسطی ضلع بڈگام کے ضلع ترقیاتی کمشنر
نے ایک حکم نامہ جاری کرکے تمام ضلع و سیکٹر افسروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے
پورے ماتحت عملے کے ساتھ اپنے متعلقہ علاقوں میں ہونے والی یوم جمہوریہ کی
تقریبات
میں شمولیت کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر بڈگام کی جانب سے جاری
کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 26 جنوری کو کوئی تعطیل نہیں ہے اور اس دن
کوئی سرکاری ملازم چھٹی نہیں لے سکتا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے
جنوری کو کوئی تعطیل نہیں ہے۔ ڈیوٹی کے حصے کے طور پر سرکاری ملازم کو یوم
جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کرنی ہے۔ ہر ایک ملازم کو اپنی شرکت یقینی بنانی
ہوگی اور اس دن کے لئے کوئی چھٹی منظور نہیں کی جائے گی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری ملازمین
کو تادیبی کاروائی کا انتباہ بھی کیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے تمام
ضلع اور علاقائی افسروں سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے پورے ماتحت عملے کے
ہمراہ یوم جمہوریہ کی ہونے والی تقریب میں شمولیت کو یقینی بنائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سرکیولر پر عمل درآمد کے
طور پر وادی کے سبھی دس اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے اپنے ماتحت
افسروں کے نام ایسے ہی حکم نامے جاری کئے ہیں جن میں انہیں یوم جمہوریہ کی
تقریبات میں اپنے ماتحت سرکاری ملازمین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کہا
گیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ریاستی حکومت کے ایڈیشنل سکریٹری نے گذشتہ ہفتہ
ریاست کی سرمائی دارالحکومت جموں میں جاری ایک سرکیولر میں سرکاری ملازمین
کو انتباہ کیا کہ جموں میں ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت نہ
کرنے والے ملازمین کو تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔